انٹرنیشنل نیوز

 


 

01

 اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں خواتین پر عائد پابندیوں کے خلاف قرارداد منظور کرلی۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق سلامتی کونسل کے تمام 15 اراکین کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے شروع میں اعلان کردہ پابندی انسانی حقوق اور انسانی اصولوں کو مجروح کرتی ہے۔کونسل نے طالبان حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پالیسیوں اور طریقوں کو تیزی سے تبدیل کیا جائے جو خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں سے متصادم ہیں اور اُن پر پابندیاں عائد کرتی ہیں۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق قرارداد میں طالبان سے خواتین پر عائد تمام پابندیاں واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

02

 اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا کے غریب ترین ممالک کی 90 فیصد خواتین اور کم عمر لڑکیوں کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ، یہ صورتحال ان کی معاشی ترقی پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔برطانوی اخبار نے اقوامِ متحدہ کے بچوں کی فلاح و بہبود کے ادارے یونیسیف کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا  ہے  کہ دنیا کے غریب ترین ممالک میں لڑکوں اور لڑکیوں کے انٹرنیٹ تک رسائی میں تفریق اور دیگر مشکلات کے باعث یہ خدشہ ہے کہ خواتین دنیا میں معاشی تنہائی کا شکار ہوجائیں گی جہاں انٹرنیٹ پر حد درجہ انحصار کیا جاتا ہے ، ڈیجیٹل مہارتوں میں لڑکیوں اور خواتین کو اس کی دسترس سے باہر رکھا جا رہا ہے۔یونیسیف نے 54 کم آمدنی والے ممالک میں ڈیٹا کے استعمال کا جائزہ لیا، اس کے مطابق غریب ترین ممالک میں تقریباً 78 فیصد نوجوان آف لائن ہیں ، جب موازنہ کیا جائے تو اس کا مطلب بظاہر یہ ہے کہ 15 سے 24 سال کے درمیان6کروڑ 50 لاکھ خواتین اور لڑکیاں ہے جبکہ مردوں میں یہ تعداد 5کروڑ 70 لاکھ ہے۔

03

 قطر میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار انڈین نیوی کے 2 کمانڈر سمیت 8 سابق اہلکاروں کو سزائے موت ہو سکتی ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انڈین نیوی کے اعلیٰ ملٹری ایوارڈ یافتہ کمانڈر پرنیندا تیواری سمیت 8 ریٹائرڈ افسران قطر میں الظاہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز میں ملازمت کر رہے تھے۔بھارتی بحریہ کے ان آٹھوں سابق افسران کو گزشتہ برس اگست میں قطر کے سٹیٹ سیکیورٹی بیورو نے حراست میں لیا تھا، گرفتار ہونے والے 8 نیوی اہلکاروں میں سے دو کمانڈرز تھے۔قطر کی خفیہ ایجنسی نے ان اہلکاروں کے ڈیجیٹل پیغامات کا سراغ لگایا تھا جس میں اہم قومی راز اسرائیل کو بتائے گئے تھے، قطر میں قید بھارتی بحریہ کے ان 8 سابق اہلکاروں پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔قطر کے تفتیشی ادارے کی تحقیقات کے مطابق ان اہلکاروں نے اٹلی سے جدید آبدوزیں خریدنے سے متعلق قطر کے خفیہ پروگرام کی تفصیلات اسرائیل کو فراہم کی تھیں۔

0/Post a Comment/Comments