انٹرنیشنل نیوز

 


 

01

 فرانس کے اعلیٰ آئینی ادارے نے میکرون حکومت کے پنشن کی عمر 62 سے بڑھا کر 64 سال کرنے کے انتہائی غیر مقبول منصوبے کی منظوری دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی اعلیٰ آئینی کونسل نے پنشن کی عمر 62 سے بڑھا کر 64 سال کرنے کے انتہائی غیر مقبول منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے چند گھنٹوں کے اندر اصلاحات کے منصوبے پر دستخط بھی کردیئے گئے ہیں۔

آئینی کونسل نے ریفرنڈم کے لیے اپوزیشن کے مطالبات کو مسترد کر دیا لیکن قانونی خامیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اصلاحات کے کچھ پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

منصوبے کی آئینی کونسل سے منظوری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پیرس میں مظاہرین نے شہر بھر میں مختلف جگہوں پر آگ لگا دی جس کے بعد 112 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

02

 امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ڈیری فارم میں دھماکے سے 18 ہزار گائیں ہلاک ہوگئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ڈِمِٹ ٹاؤن کے قریب قائم ایک ساؤتھ فورک ڈیری میں پیش آیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں گائیں موجود تھیں۔

انتظامیہ کی جانب سے دھماکے کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم انتظامیہ کا خیال ہےکہ فارم میں موجود مشینری کی وجہ سے میتھین گیس سے آتشزدگی کی کیفیت پیدا ہوئی جس سے دھماکا ہوا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

03

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملک میں چار نئے خصوصی اقتصادی زونز متعارف کرادیے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے عالمی سرمایہ کاری میں ملکی معیشت کی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے یہ اقتصادی زونز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں خصوصی مراعات بھی رکھی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان زونز میں کام کرنے والی کمپنیوں کو متعدد مراعات حاصل ہوسکیں گی جن میں مسابقتی کارپوریٹ ٹیکس کی شرح، درآمدات پر کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ، پروڈکشن ان پٹ، مشینری، خام مال اور دنیا میں کہیں سے بھی قابل ترین ہنر مندوں کی خدمات حاصل کرنے کی سہولت جیسے دیگر فوائد شامل ہیں۔


0/Post a Comment/Comments