دلچسپ و عجیب

 


 

01

ہالی ووڈ اداکار اور امریکی ریاست کیلی فورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شوارزنیگر نے سڑک پر ہونے والا گڑھا اپنی مدد آپ کے تحت ہی بھر دیا۔

معروف اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں اپنے ایک مدد گار کے ساتھ سڑک پر ہونے والا گڑھا بھرتے دیکھا جا سکتا ہے، وہ ہاتھوں میں اٹھائے بیلچے کی مدد سے گڑھے میں بجری بھر رہے ہیں۔

انہوں نے ٹویٹر پر لکھا پورا محلہ اس بڑے گڑھے کے باعث پریشانی کا شکار تھا، اور سائیکلوں اور کاروں کو گزرنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں، آج میں اپنی ٹیم کے ساتھ باہر آیا اور خود ہی اسے ٹھیک کر دیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

02

بھارتی ریاست اتر پردیش میں چوہے کو قتل کرنے کا ایک عجیب و غریب واقعہ گفتگو کا موضوع بنا ہوا ہے۔

چوہے کے پوسٹ مارٹم کے بعد اتر پردیش پولیس نے عدالت میں ایک شخص کے خلاف 30 صفحات پر مبنی چارج شیٹ فائل کی ہے جس نے پچھلے سال نومبر میں مبینہ طور پر چوہے کی دُم سے پتھر باندھ کر اسے نالے میں ڈبو دیا تھا۔

جانوروں کے حقوق کیلئے سرگرم کارکن وکیندرا شرما نے ملزم منوج کمار کے خلاف شکایت درج کرائی تھی، شرما نے کہا کہ وہ نالے میں گئے تاکہ چوہے کو بچایا جاسکے لیکن چوہا جانبر نہ ہوسکا۔

بعد ازاں انہوں نے جانوروں کے حقوق کیلئے کام کرنے والے دیگر کارکنوں کے ہمراہ پولیس سٹیشن جا کر ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی۔

ضلع میں چوہے کے پوسٹ مارٹم کی کوئی سہولت نہیں تھی لہٰذا پولیس نے بریلی کے ایک ویٹرنری سینٹر میں پوسٹ مارٹم کروایا۔

رپورٹ سے معلوم ہوا کہ چوہے کا جگر اور پھیپھڑے پہلے ہی خراب تھے، چوہا ڈوبنے سے نہیں بلکہ دَم گھٹنے سے مرا، ایف آئی آر کی روشنی میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا لیکن اسے 5 دن بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

03

امریکا کی ریاست کینٹکی میں فائر فائٹرز نے تقریباً 60 فٹ گہری غار میں گرنے والے دو کتوں کو بچا لیا۔

بروڈ ہیڈ فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ دو شکاری کتے راک کیسل کاؤنٹی کی ایک گہری غار میں گرے جس کی اطلاع ملنے پر فائر فائٹرز نے فوری موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا۔

ڈیپارٹمنٹ نے فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ریسکیو ٹیکنیشن نے مل کر ایک ریسکیو ورکر کو رسی کی مدد سے غار میں بحفاظت نیچے اتارا اور دونوں کتوں کو باہر نکال لیا۔

ڈیپارٹمنٹ ہیڈ کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران کتے زخمی ہونے سے محفوظ رہے اور آپریشن کے بعد انہیں مالک کے حوالے کر دیا گیا۔

ڈیپارٹمنٹ نے انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے کامیاب ریسکیو آپریشن کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

 

 




0/Post a Comment/Comments