انٹرنیشنل نیوز

 


 

01

افریقی ملک برکینا فاسو میں فوجی وردی میں ملبوس موٹر سائیکل اور ٹرک سوار حملہ آوروں نے ایک گاؤں پر دھاوا بول کر 80 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خونی واقعہ شمالی برکینا فاسو کے گاؤں میں پیش آیا، مسلح افراد کی تعداد 100 سے زائد بتائی جا رہی ہے، فوجی وردی میں ملبوس مسلح افراد نے  قتل عام کے بعد لوٹ مار بھی کی، سفاک حملہ آوروں نے جاتے ہوئے گاؤں کے تمام گھر بھی نذر آتش کر دیئے۔حملے کے بعد قریبی ہسپتال میں لاشوں کا انبار لگ گیا جب کہ حملے میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کو طبی امداد دی گئی، 10 کی حالت نازک ہونے کے سبب انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے

02

 یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ہم روس کے خلاف جوابی حملے کی تیاری کررہے ہیں۔عرب ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے کہا کہ روس کے حملے کو پسپا کرنے کی صلاحیت پر اعتماد ہے، یوکرین کی موجودہ زمینی صورتحال ایک چیلنج ہے تاہم ہمارا ملک لڑائی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل اپنی فوج کو مضبوط بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں، موجودہ صورتحال کو اچھا نہیں کہہ سکتے تاہم ایک سال پہلے کے مقابلے میں ہم کہیں بہتر ہیں، یوکرین کے لوگ اپنے مقبوضہ علاقوں کو واگزار کروانے اور ملک کی ترقی کیلئے پر عزم ہیں۔

03

 اسرائیل کے مسلم مخالف اقدامات میں کمی نہ آ سکی، اسرائیلی حکام نے اردن کے رکن پارلیمان کو فلسطینی مزاحمت کاروں کو اسلحہ پہنچانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ اسرائیل حکام کی جانب سے عالمی سطح پر فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے والے اردن کے رکن پارلیمان عماد العدوان اردنی کو گرفتار کیا گیا ہے، عماد العدوان اردنی پارلیمان کی فلسطین کمیٹی کے رکن بھی ہیں، اسرائیلی فورسز نے الزام لگایا ہے کہ عماد العدوان نے فلسطینی مزاحمت کاروں کو مغربی کنارے کے علاقے میں اسلحہ پہنچانے کی کوشش کی۔عرب میڈیا کے مطابق عماد العدوان کو کنگ حسین بارڈر کراسنگ کے پل سے گرفتار کیا گیا، حکام نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ برآمد ہونے والا اسلحہ اردن کے رکن پارلیمان کی گاڑی سے برآمد ہوا ہے، اسرائیلی حکومت نے اردن کی حکومت کو عماد العدوان کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔


0/Post a Comment/Comments