پی ٹی آئی کے کئی شہروں میں مظاہرے، لاہور میں گرفتاریاں


 

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک بھرمیں احتجاج کی کال دینے والی پی ٹی آئی کے لاہورمیں احتجاج کے دوران رہنما شہزاد فاروق سمیت 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہورمیں احتجاج کرنے والے وکلاء کو بھی پارکنگ ایریا میں بند کرکے تالا لگا دیا گیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے عام انتحابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج 2 مارچ بروز ہفتہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی گئی تھی۔

پولیس نے اس اعلان کےبعد اسلام آباد اور لاہورمیں سیکیورٹی سخت کردی اور وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، چکوال، حیدرآباد، دھابیجی، لیہ، کراچی، خانیوال، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مظفرگڑھ سمیت دیگر شہروں میں انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

کراچی میں پی ٹی آئی کی جانب سے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، کارکنوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کےخلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین سے پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان، فردوس شمیم، عالمگیرخان، ظہور مسعود، فضا ذیشان، سیف الرحمان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین نے الیکشن کمیشن سے فارم پینتالیس کے تحت نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

ادھر پشاور میں بارش کے باعث پی ٹی آئی کا مظاہرہ مؤخر کردیا گیا، اس حوالے سے کہا جارہا ہے کہ ضلعی صدور حلف برداری میں بھی مصروف ہیں۔ شیرعلی ارباب کے مطابق پارٹی کے صوبائی صدر نے احتجاج مؤخر کرنے کی ہدایت کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ان کی جماعت کے کارکنان آج ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔

0/Post a Comment/Comments