پی ایس ایل 9 کا چیمپئن کون؟، فیصلہ آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے میچ میں ہو گا

 

پی ایس ایل 9 کا چیمپئن کون؟، فیصلہ آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے میچ میں ہو گا

کراچی: ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 9 ویں سیزن کا چیمپئن کون بنے گا؟ فیصلہ آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں ایڈیشن کا فائنل آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا، ملتان سلطانز کی ٹیم مسلسل چوتھی بار میگا پاکستانی ایونٹ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم بن گئی، ملتان سلطانز نے 2021ء میں ٹائٹل بھی جیتا تھا، اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم تیسری بار فائنل میں قسمت آزمائے گی، یونائیٹڈ نے 2016ء اور 2018ء میں چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کی باؤلنگ کوچ کھلاڑیوں سے متاثر، روزے رکھنے لگیں

دوسری جانب ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن نائن کے فائنل سے قبل ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن ہوا، کراچی پورٹ ٹرسٹ بلڈنگ میں محمد رضوان اور شاداب خان نے ٹرافی کیساتھ تصاویر بنوائیں، اس دوران دونوں کپتان خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے 9 ویں سیزن میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم رنز بنانے میں سب سے آگے ہیں انہوں نے 11 میچوں میں 569 رنز بنا کر پہلی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے، بابر اعظم نے ایونٹ میں 1 سنچری اور 5 نصف سنچریاں بنائی ہیں، فہرست میں محمد رضوان کا 381 رنز کے ساتھ دوسرا نمبر ہے وہ آج ہونے والے فائنل میں اپنے سکور میں مزید اضافہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک دو سیریز کے بعد کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ مناسب نہیں: شاداب

میگا ایونٹ میں صائم ایوب نے سب سے زیادہ 21 چھکے لگائے جبکہ بابر اعظم نے سب سے زیادہ 63 چوکے لگائے ہیں، ملتان سلطانز کے سپن باؤلر اسامہ میر نے سب سے زیادہ 23 وکٹیں حاصل کیں، ملتان سلطانز کے ہی محمد علی 18 وکٹوں کے دوسرے نمبر پر ہیں۔

0/Post a Comment/Comments