پی ایس ایل 9: پشاور زلمی اور کراچی کنگز میں آج گھمسان کا رن


 کراچی:  ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان گھمسان کا رن پڑے گا۔

پاکستان سپر لیگ 9 کا 29 واں میچ آج کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہو گا۔

رواں سیزن میں دونوں ٹیموں کے گزشتہ باہمی مقابلے میں کراچی کنگز نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس سے قبل پشاور زلمی کی ٹیم مسلسل فتوحات سمیٹ رہی تھی، اب اس کی نگاہیں کنگز سے اس کے ہوم گراؤنڈ پر بدلہ لینے پر مرکوز ہیں۔

زلمی کی ٹیم رواں سیزن میں اپنے 9 میں سے 5 میچز جیت چکی ہے، 2 میں اسے شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے ایک پوائنٹ ملا جس کی وجہ سے اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 9 ہے۔

دوسری جانب کراچی کنگز نے اپنے گزشتہ میچ میں شعیب ملک کے آخری گیند پر چوکے کی بدولت لاہور قلندرز کے خلاف فتح حاصل کی تھی، کراچی کی اپنے تجربہ کار آل راؤنڈر سے توقعات مزید بڑھ گئی ہیں اور انہیں پشاورزلمی کے خلاف بھی شعیب سے میچ وننگ کارکردگی کی توقع ہے۔

کراچی کنگز کا رواں ایڈیشن میں سفر زیادہ اچھا نہیں رہا، انہوں نے اپنے 9 میں سے 4 میچز جیتے اور 5 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، گزشتہ میچ میں جیمز ونس قدرے بہتر کھیلے تھے، وہ اور کیرون پولارڈ ٹیم کو ایک اور فتح سے ہمکنار کروا سکتے ہیں۔ 

0/Post a Comment/Comments