لاہور میں 21 منزلہ ارفع کریم ٹاور 2 بنانے کی منظوری


 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ارفع کریم ٹاور 2 کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے آئی ٹی سٹی اور لاہور نالج پارک پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔

مریم نواز نے لاہور میں 21 منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنانے کی اصولی منظوری دے دی، لاہور میں آئی ٹی، ایجوکیشن اور فلم سٹی پراجیکٹ کا آغاز جلد ہوگا، مائیکروسافٹ،اوریکل اور دیگر بڑی کمپنیوں نے آئی ٹی سٹی لاہور کیلئے آمادگی ظاہر کر دی۔

وزیراعلیٰ نے چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو آفس بنانے کیلئے مدعو کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے بہترین آئی ٹی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی میں بزنس کے مواقع فراہم کریں گے، پنجاب سمیت پاکستان بھر کے طلبہ کے لئے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائیں گے۔

مریم نواز نے ایجوکیشن سٹی میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کرنے کے لئے فوری رابطوں کی ہدایت کی اور لاہور نالج پارک اور آئی ٹی سٹی کے قیام کیلئے پلان کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور میں فری وائی پائلٹ پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیتے ہوئے پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔

شہرمیں 10 مقامات پر فری وائی پراجیکٹ کا آغاز دو ہفتے میں کر دیا جائے گا، صوبائی دارالحکومت میں 516 مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس بنائے جائیں گے، تعلیمی اداروں، ایئرپورٹ، ریلوے سٹیشن اور بس سٹینڈ پر ترجیحاً فری وائی فائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، وزیراطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق نے شرکت کی، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چیئرمین پی آئی ٹی بی اوردیگرمتعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

0/Post a Comment/Comments

before post content

after post