بنگلا دیش: ریسٹورنٹ میں خوفناک آتشزدگی، 40 سے زائد افراد جاں بحق


 ڈھاکا: بنگلا دیش کے ایک ریسٹورنٹ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں واقعہ ایک ریسٹورنٹ میں رات گئے آگ لگی جو اس قدر خوفناک تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے چھ منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں جنہیں ریسکیو کر کے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، 22 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

فائر سروس حکام نے بتایا کہ آگ ایک ریستوران میں شروع ہوئی اور تیزی سے دوسری منزلوں تک پھیل گئی، فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آگ کس وجہ سے لگی، یہ ایک خطرناک عمارت تھی جس کی ہر منزل پر گیس سلنڈر لگے ہوئے تھے، آگ پر 13 فائر فائٹنگ یونٹس کی دو گھنٹے کی محنت کے بعد قابو پا لیا، جلی ہوئی عمارت سے لوگوں کو بچانے کیلئے کرین کا استعمال کیا۔

آگ میں زندہ بچ جانے والے ایک شخص نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ لگنے کے بعد میں ٹوٹی ہوئی کھڑکی سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوا، میرے دو ساتھی مارے گئے، جب سامنے سے آگ لگی اور شیشہ توڑ دیا تو ہمارے کیشئر اور سروس مین نے سب کو باہر نکالا لیکن وہ دونوں بعد میں خود بھی آگ کی زد میں آ گئے، میں نے کچن میں جا کر کھڑکی توڑی اور خود کو بچانے کیلئے چھلانگ لگا دی۔

0/Post a Comment/Comments

before post content

after post