میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم: پاکستان نے 6 وکٹوں پر 194 رنز بنا لیے


 میلبرن:  میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا، قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے۔

اس کے بعد مارنوس لبوشین 63 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مچل مارش اور ایلکس کیری نے 4 ،4، مچل سٹارک نے 9، پیٹ کمنز نے 13 اور لیتھن لائن نے 8 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3، شاہین آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ نے 2، 2 جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن بائیں ہاتھ کے بلے باز امام الحق 10 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بعدازاں عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 124 رنز پر پہنچایا لیکن عبد اللہ شفیق ففٹی مکمل کرنے کے بعد جلد ہی چلتے بنے اور 62 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ان کو ہی کیچ تھما دیا۔

بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے جبکہ قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ شان مسعود کی شکل میں گری جب وہ 54 رنز پر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان شان مسعود کے بعد نوجوان بلے باز سعود شکیل بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 9 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، چھٹی وکٹ پر سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوؓں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

قبل ازیں پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 6 رنز کے مجموعی سکور پر فرسٹ سلپ پر کھڑے عبداللہ شفیق نے صرف 2 رنز بنانے والے وارنر کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔

اس کے بعد دونوں اوپنرز نے 90 رنز کی شراکت قائم کی، آسٹریلیا کی جانب سے پہلی وکٹ وارنر کی گری جو 38 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کینگروز کی دوسری وکٹ 108رنز کے مجموعے پر گری جب عثمان خواجہ 101 گیندوں پر 42 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر سلمان آغا کو کیچ دے بیٹھے، آسٹریلیا کا مجموعی سکور 114 رنز پر پہنچا تو بارش نے آن لیا جس کے بعد میچ کو روک دیا گیا۔

قومی ٹیم میں میلبرن ٹیسٹ میچ کیلئے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد، فہیم اشرف اور خرم شہزاد کو آرام دے کر ان کی جگہ محمد رضوان، حسن علی اور میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور عامر جمال بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے۔ 

0/Post a Comment/Comments