چیئرمین پی ٹی آئی کوجیل میں میسرسہولیات کا عام شہری تصورنہیں کرسکتا:وزیر داخلہ


 اسلام آباد:  نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کر سکتا، نگران حکومت نوازشریف کو کوئی ’فیور‘ نہیں دے رہی۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتوں کا لاڈلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں حاصل سہولیات کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا، عدالتی نظام میں اصلاحات کی بہت ضرورت ہے، عدالت کے مسائل ہیں جن کا سب کو پتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی طرف سے ن لیگ کو کوئی فیور نہیں دی جا رہی، نگران حکومت کیلئے نوازشریف اور بلاول ایک جیسے ہیں، انتخابات سے متعلق وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دیوار پھلانگ کر آنیوالے کو مہمان کا درجہ نہیں دے سکتے، 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے، واپسی کا عمل ایک ماہ میں مکمل ہو جائے گا، واپس لوٹنے والوں میں 99 فیصد تعداد افغان تارکین وطن کی ہے۔

نگران وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں افسوسناک واقعات میں ”را“ کا کردار ہوتا ہے، اس میں کوئی رائے نہیں کہ پاکستان کی فالٹ لائنز میں ملک مخالف ایجنسیاں ہمیشہ اضافہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں، گلگت بلتستان، جڑانوالہ اور دیگر جگہوں پر سازش کے تانے بانے کہیں اور جا کر ملتے ہیں۔

0/Post a Comment/Comments