ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کی پاکستان کی کیخلاف دوسری وکٹ گر گئی


 بنگلور: بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔

کیویز نے بیٹنگ کے آغاز پر محتاط انداز اپناتے ہوئے 7ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے تاہم 68 رنز کے مجموعی سکور پر بلیک کیپس کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، کیوی اوپنر ڈیون کانووے 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے کریز پر آکر جارحانہ کھیل کا آغاز کیا اور بلیک کیپس نے 29 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز مکمل کئے، اس وقت نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا اور کپتان ولیمسن کریز پر موجود ہیں۔

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سپنر اسامہ میر کی جگہ فاسٹ باؤلر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، گزشتہ میچز میں ہماری باؤلنگ اچھی رہی، نیوزی لینڈ کو کم سکورز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب کیویز کی ٹیم میں کین ولیمسن کی واپسی ہوئی ہے، ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا سوچا تھا پچ اس سے مختلف لگ رہی ہے، پاکستان کو اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے پاکستان کے پاس آج آخری موقع ہے اور اسے آج نیوزی لینڈ کو اچھے مارجن سے ہرانا ضروری ہے۔

ورلڈ کپ کے میچز میں بھی قومی ٹیم کو بلیک کیپس پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 9 بار مدمقابل آئیں، 7 میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں جیت کیویز کے نام رہی۔

0/Post a Comment/Comments