اسرائیل کا الشفا ہسپتال کے نیچے طویل سرنگ ملنے کا دعویٰ ، حماس کی تردید


 غزہ :  اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں شفا ہسپتال کے نیچے 55 میٹر لمبی سرنگ تلاش کرلی ہے، اپنے دعویٰ کو ثابت کرنے کے لیے اس نے سرنگ کی ویڈیوبھی شیئر کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق فوج نے ایک ویڈیو کلپ کے ساتھ ایک فوجی بیان میں وضاحت کی کہ سرنگ دس میٹر کی گہرائی میں واقع ہے، دوسری طرف عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ہسپتال میں اب بھی درجنوں مریض موجود ہیں۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ داخلی سلامتی سروس  اور انٹیلی جنس سروس کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر سرنگ کو سامنے لانے کے لیے شفا ہسپتال منتقل ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ سرنگ جس سے ایک گہری سیڑھیاں داخلی دروازے کی طرف جاتی ہیں اس کو مختلف دفاعی اقدامات سے لیس کیا گیا ہے، اس میں ایک بالائی دروازہ اور فائرنگ کا سوراخ بھی موجود ہے، اس قسم کا دروازہ حماس ہماری افواج کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے استعمال کرتی ہے، یہاں حماس کا ہیڈ کوارٹرز اور اس کے زیر زمین اثاثے موجود ہیں۔

0/Post a Comment/Comments