اقوام متحدہ کی 'آبی کانفرنس 2023' پانی سے متعلق عملی ایجنڈے کی منظوری کے ساتھ ختم ہو گئی ہے
اقوام متحدہ کی 'آبی کانفرنس 2023' پانی سے متعلق عملی ایجنڈے کی منظوری کے ساتھ ختم ہو گئی ہے۔ یہ ایجنڈا ''سنگ میل'' کی حیثیت رکھنے والا عملی منصوبہ ہے جس میں ''انسانیت کے انتہائی قیمتی عالمگیر مشترکہ مفاد'' کے تحفظ کے لیے 700 وعدے شامل ہیں۔
(ثاقب سلیم قریشی) اقوام متحدہ کی 'آبی کانفرنس 2023' پانی سے متعلق عملی ایجنڈے کی منظوری کے ساتھ 23 مارچ کو ختم ہو گئی ہے۔ یہ ایجنڈا ''سنگ میل'' کی حیثیت رکھنے والا عملی منصوبہ ہے جس میں ''انسانیت کے انتہائی قیمتی عالمگیر مشترکہ مفاد'' کے تحفظ کے لیے 700 وعدے شامل ہیں۔
اس کانفرس کا بنیادی ایجنڈا خوراک سے متعلق موزوں ترین انتخاب سے لے کر پانی کے ایک طاقتور معاشی محرک اور کرہ ارض کے ثقافتی ورثے کے طور پر دوبارہ جائزہ لیے جانے تک عملی اقدامات پر مبنی انقلابی وعدوں پر مبنی رہا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ کانفرنس اور اس کے 2,000 شرکا نے ایک ''پرعزم تصور'' تشکیل دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ''عملی اقدامات اور تبدیلی کے لیے آپ کی لگن ہمیں لوگوں اور زمین دونوں کے پائیدار، مساوی اور مشمولہ مسقبل کی جانب لے جا رہی ہے۔ اس کانفرنس سے ایک بنیادی حقیقت کا اظہار ہوتا ہے کہ انسانیت کے انتہائی قیمتی عالمگیر مشترکہ مفاد کے طور پر پانی ہم سب کو متحد کرتا ہے اور اس کا بہت سے عالمگیر مسائل سے بھی گہرا تعلق ہے۔''
بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے سے لے کر غربت کے خلاف جنگ تک، اس فطری وسیلے کو ایک ایسے وقت پائیدار ترقی کے لیے 2030 کے ایجنڈے اور اور پائیدار ترقی کے حوالے سے اس کے 17 اہداف (ایس ڈی جی) میں نمایاں جگہ دی گئی ہے جب دنیا موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت اور آلودگی سے نبرد آزما ہے۔
انہوں نے کہا کہ ''اسی لیے پانی کو عالمگیر سیاسی ایجںڈے میں مرکزی جگہ ملنی چاہیے۔ مستقبل کے لیے انسانیت کی تمام تر امیدوں کا کسی نہ کسی طرح دارومدار سائنسی بنیاد پر ایک نئی راہ نکالنے پر ہے تاکہ 'پانی کے حوالے سے عملی ایجنڈے کو فعال کیا جا سکے۔''
ایسا کرنے سے زراعت میں پانی کے غیر پائیدار استعمال کو کم کرنے کے لیے حصولِ خوراک کے نئے اور متبادل نظام بنانے، اور ایس ڈی جی کے حصول کے لیے منصوبوں اور ترجیحات کی رہنمائی کے لیے نئے عالمی اطلاعات نظام کی شروعات جیسے دور رس اقدامات میں مدد ملتی ہے۔ اس حوالے سے ستمبر میں ہونے والی ایس ڈی جی کانفرنس سے پہلے پانی کے بارے میں ایک نئے خصوصی نمائندے کا تقرر بھی کیا جانا ہے۔
اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس 2023 کے موقع پر پُرعزم عالمی برادری ناصرف پانی کے مستقبل بلکہ دنیا کے مستقبل کے لیے بھی تبدیلی لانے کی غرض سے جمع ہوئی۔
ایک تبصرہ شائع کریں