نوازشریف کو واپس آکر صورتحال کا سامنا کرنا چاہئے، پارٹی کو فائدہ ہوگا: جہانگیر ترین
لاہور: چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا نوازشریف کو وطن واپس آکر صورتحال کا سامنا کرنا چاہئے اس سے ان کی پارٹی کو فائدہ ہوگا۔
جہانگیر خان ترین نے پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم تمام دوست اکٹھے جدوجہد کے ساتھی ہیں، جنرل عاصم منیر کی کاروباری شخصیات سے باتیں نہایت اہم ہیں، یہ باتیں ہونی چاہئیں تھیں، یہ پاکستان کی ضرورت ہے اور یہ عملی گفتگو ہے۔
چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی نے کہا نواز شریف ایک جماعت کے قائد ہیں اور ان کا واپس آنا خوش آئند ہے، نواز شریف کو صورتحال کا سامنا کرنا چاہئے، نوازشریف کے آنے سے انکی پارٹی کو فائدہ ہوگا، کسی کو بھی باہر نہیں رہنا چاہئے، میری شخصیت بی ٹیم کی نہیں ہے، ہم نے پاکستان کی بہتری کو دیکھنا ہے۔
جہانگیر ترین نے مزید کہا اس وقت پاکستان کی بہتری کیلئے فوری الیکشن کی ضرورت ہے، الیکشن کا بروقت ہونا اور نئے ڈیٹا پر ہونا ضروری ہے، 5 سال کیلئے ایک حکومت آنی چاہئے جو معاشی طور پر بڑے فیصلے کرے، فریش عوامی مینڈیٹ سے جو بھی حکومت آئے گی وہ ملک کے لئے بہتر فیصلے کرے گی۔
جہانگیر خان ترین نے کہا ہم تحریک انصاف کی اوریجنل سوچ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم اپنے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کسی اور جانب چلی گئی۔
ایک تبصرہ شائع کریں