پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں آج سپرمون کا نظارہ کیا گیا

 

پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں آج سپرمون کا نظارہ کیا گیا

لاہور:  2023ء کا سب سے روشن اور بڑا چاند ’سُپر بلیو مون‘ کا نایاب نظارہ آج کیا گیا، پاکستان سمیت بیشتر ممالک میں سپر مون دیکھا گیا، چاند رواں ماہ میں دوسری بار زمین سے قریب تر ہوا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’سُپر بلیو مون‘ سے مراد یہ نہیں کہ چاند کا رنگ نیلگوں مائل ہو گیا بلکہ دکھائی دینے والے نایاب خلائی ایونٹ کو ’سُپر بلیو مون‘ اس لئے کہا جاتا ہے کہ یہ ایک ماہ میں دکھائی دینے والا دوسرا سُپر مون ہے۔

سپیس و ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق رواں مہینے کا دوسرا سپر مون پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح 4 بجے دیکھا گیا، سپر بلیو مون معمول سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آیا۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند زمین کے زیادہ قریب ہوتا ہے تو وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے اسی وجہ سے اسے سپر مون کہا جاتا ہے، اگست کے آغاز میں بھی سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں سپر مون کا نظارہ کیا گیا تھا۔

اگست کے مہینے کا دوسرا سپر بلیو مون اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ اس کے بعد ایسا نظارہ دیکھنے کیلئے 2037 تک انتظار کرنا ہوگا۔

0/Post a Comment/Comments