نیب ترامیم کیس، سپریم کورٹ کا فریقین کو تحریری گزارشات جمع کروانے کا حکم


 اسلام آباد  سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کیخلاف کیس میں فریقین کو تحریری گزارشات جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بینچ میں شامل تھے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کے وکیل واضح کریں کہ وہ کن ترامیم کو کن بنیادوں پر چیلنج کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ نیب قانون میں بہت سی چیزیں درست ہیں، کچھ غلطیاں ہیں جن پر فیصلہ دیں گے، خود سے یہ طے نہیں کر سکتے کہ نیب قانون میں تبدیلی سے بنیادی حقوق متاثر ہو گئے، چیف جسٹس کا خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ نیب ترامیم دیکھ کر بتائیں ان میں کیا غلطی ہے، یہ بھی بتائیں کن بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ہدایت کی کہ جواب میں مخدوم علی خان کے اعتراضات کا جواب بھی شامل کیجیے گا۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے عمران خان اور وفاقی حکومت کو تحریری گزارشات جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔
 

0/Post a Comment/Comments