القادرٹرسٹ کیس : بشریٰ بی بی کا لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ


 سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ۔

سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی حفاظتی ضمانت کے لیے آج  لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گی ، عمران خان بھی بشری بی بی کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ آئیں گے ۔

لاہور ہائیکورٹ میں القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے خواجہ حارث ، انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز بٹر کی وساطت سے درخواست دائر کی  ہے جس میں  وفاقی حکومت ، نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں تحقیقات شروع کر رکھی ہے، نیب کی جانب سے جاری تحقیقات غیر قانونی ہیں، خدشہ ہے نیب کی جانب سے گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت سے رجوع کرنا ہے، عدالت القادر ٹرسٹ کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کرے ۔

 واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین کو قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا جہاں عدالت عظمیٰ کی جانب سے ان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دی گئی۔

القادر ٹرسٹ کیس میں نیب نے عمران خان کے علاوہ  سابق خاتون اول بشریٰ بی بی ان کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان، شہزاد اکبر، زلفی بخاری، بابر اعوان و دیگر کو ملوث قرار دیا تھا ۔

0/Post a Comment/Comments