القادر ٹرسٹ کیس، نیب کی ٹیم بشریٰ بی بی کو نوٹس دیے بغیر واپس روانہ


 القادر ٹرسٹ کیس کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو( نیب) کی 3 رکنی ٹیم لاہور میں واقع زمان پارک پہنچی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب کی ٹیم القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی کو نوٹس دینے زمان پارک پہنچی تاہم وہ بغیر نوٹس دیے ہی واپس روانہ ہو گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو کل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے طلب کیا ہے۔

نیب کی ٹیم 2 گھنٹے بعد بغیر نوٹس موصول کرائے زمان پارک سے روانہ ہو گئی۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کی عدم موجودگی کی وجہ سے نوٹس موصول نہ ہو سکا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ نیب کی ٹیم نوٹس موصول کرانے دوبارہ زمان پارک آئے گی۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت 23 مئی تک منظور کی تھی۔

بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

بشریٰ بی بی نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی۔

0/Post a Comment/Comments