بزنس نیوز

 


 

01

 عید الفطر قریب آتے ہی گاڑی مالکان نے کرایوں میں اضافہ کر دیا، گاڑی مالکان من مرضی کے کرائے وصول کرنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور عید کی بھی آمد آمد ہے، عید الفطر کے قریب آتے ہی شہر لاہور میں دوسرے شہروں سے آئے لوگ اپنوں میں عید منانے کے لیے روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں، گاڑی مالکان نے عید کے قریب آتے ہی کرایوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا، لاہور سے دوسرے شہروں کو جانیوالے مسافروں سے گاڑی مالکان من مرضی کے کرائے وصول کر رہے ہیں۔

آبائی علاقوں کو جانے والے شہری پریشان دکھائی دیتے ہیں، پردیسیوں کا کہنا ہے کہ ہر سال جب بھی عید منانے کے لیے اپنے علاقوں میں جاتے ہیں تو کرایوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، کوئی گاڑی مالکان کو پوچھنے والا نہیں۔

دوسری جانب گاڑی مالکان کا کہنا ہے پٹرول اور ڈیزل کے ریٹس اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ مجبوری کے تحت کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے اور پولیس بھی عید کے قریب مہنگے مہنگے چلان کرنا شروع کر دیتی ہے، اس لیے کرائے بڑھانا مجبوری ہے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

02

 ترجمان یوٹیلٹی سٹورز نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری گھی اور تیل وافر مقدار میں موجود ہے۔

ترجمان کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب اشیاء کی کوالٹی اور معیار سب سے اعلیٰ ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ملک بھر میں قائم تمام یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب اشیاء کی کوالٹی اور معیار کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے۔

انتظامیہ اشیاء کی خریداری کرتے وقت معیار اور کوالٹی کو ہر صورت یقینی بناتی ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر فراہم کی جانے والی تمام اشیاء پاکستان سٹینڈرڈ اتھارٹی سے باقاعدہ تصدیق شدہ ہوتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان سٹینڈرڈ اتھارٹی پاکستان میں اشیاء کے معیار کی نگرانی کرتا ہے، ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری گھی اور تیل وافر مقدار میں موجود ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

03

 موٹرسائیکل مالکان کو سستے پٹرول کی فراہمی کا منصوبہ جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔

وفاقی حکومت نے موٹر سائیکل مالکان کو سستے داموں پٹرول کی فراہمی کے منصوبے کیلئے صوبوں سے رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے جسے نادرا سے منسلک کیا جائے گا، کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد موٹر سائیکل مالکان کو ماہانہ سستے داموں پٹرول فراہم کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان کی جانب سے صوبے میں رجسٹرڈ 5 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا وفاقی حکومت کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ 


0/Post a Comment/Comments