انٹرٹینمٹ نیوز

 


 

01

 پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ ان کی نئی فلم ’ منی بیک گارنٹی ‘ ایک اچھی فلم ہے اور شائقین اسے دیکھنا پسند کریں گے۔

فواد خان ایک شاندار پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے اداکار ہیں اور ایک بہت کامیاب موسیقار بھی رہے ہیں ، اداکار اس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں اور بیک ٹو بیک فلمیں دے رہے ہیں، ان کی سپر ہٹ فلم ’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ نے بڑا بزنس کیا ہے ، ان کی فلم منی بیک گارنٹی ریلیز ہونے والی ہے جبکہ ایک اور فلم ’ نیلوفر ‘ بھی ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

حال ہی میں فواد نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی نئی آنے والی فلم ’ منی بیک گارنٹی ‘ کے حوالے سے گفتگو کی اور ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ انہیں ڈانس پسند نہیں ہے۔

منی بیک گارنٹی میں ڈانس کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد خان کا کہنا تھا کہ میں ڈانس نہیں کروں گا، مجھے لگتا ہے کہ ہم ( میں اور ڈانس ) ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

02

 بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے گزشتہ روز اپنی شادی کی پہلی سالگرہ منائی۔

شادی کی سالگرہ کے موقع پر بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اداکار کا کہنا تھا کہ وہ خود کو ایک بہترین شوہر، بیٹا یا بھائی نہیں سمجھتے، وہ ہمیشہ خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں کیوں کہ اگر آپ خود کو درست کرتے رہیں تو پھر آپ  صحیح راستے پر ہوتے ہیں۔

رنبیر کپور کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ والد بنتے ہیں تو پھر والدین کیلئے آپ کا احترام بڑھ جاتا ہے، میری شخصیت میں معاشرتی اقدار میرے والدین کی تربیت کا نتیجہ ہیں اور میں اسے اپنے بچوں کو منتقل کروں گا، یہ ایک عمر بھر کا وعدہ ہے، میں اس کے قابل نہیں ہوں لیکن قابل ہوجاؤں گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

03

بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ پوجا ہیگڑے کا اداکار سلمان خان کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہوں پر ردعمل سامنے آگیا۔

سلمان خان اور پوجا ہیگڑے کی دوستی اور ڈیٹنگ کی افواہیں کچھ مہینے پہلے شروع ہوئی تھیں جس کے بعد ان دونوں کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب سلمان نے اداکارہ کے بھائی کی شادی میں شرکت کی اور اس تقریب سے دونوں کی تصاویر بھی سامنے آئی تھیں۔

تاہم، پوجا نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ان افواہوں پر کیا کہوں، میں اپنے بارے میں چیزیں پڑھتی رہتی ہوں، میں اکیلی اور خوش ہوں اور ابھی صرف میرا کیرئیر ہی میری ترجیح ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اس وقت اپنے کیریئر پر توجہ مرکوز کر رہی ہوں اور اب بیٹھ کر ان افواہوں پر توجہ نہیں دے سکتی۔

0/Post a Comment/Comments