انٹرنیشنل نیوز

 


 

01

 ایران نے بے حجاب خواتین کی شناخت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا، ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنیوالی بے حجاب خواتین کی شناخت کے لیے عوامی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے ۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ لازمی قرار دیے گئے ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی بڑھتی تعداد کو روکنے کے لیے ایرانی حکام عوامی مقامات اور راستوں پر کیمرے نصب کر رہے ہیں تاکہ بغیر حجاب خواتین کی شناخت کرکے انہیں سزا دی جائے، اس حوالے سے آئندہ ہفتے سے سمارٹ ٹولز اور کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔

ایرانی پولیس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر حجاب نہ پہننے والوں کو پہلے تنبیہ کی جائے گی، دوسری بار خلاف ورزی پر عدالت میں پیش کیا جائے گا ، کسی فرد یا گروہ کی جانب سے حجاب قوانین کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

حجاب قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے نیا فیصلہ ملک میں حالیہ مظاہروں کے بعد لازمی حجاب قوانین میں نرمی کے حکومتی فیصلوں پر طاقتور حلقوں کی ناپسندیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

02

 سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون اور مرد خلاباز 9 مئی کو خلائی مشن پر روانہ ہوں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق علی القرنی اور ریانہ برناوی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے سعودی خلاباز ہیں ، دونوں خلاباز 9 مئی کو خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوں گے۔

علی القرنی اور ریانہ برناوی کے علمی کاموں میں 11 اہم سائنسی تحقیقات شامل ہیں ، ان تحقیقات میں مائیکرو گریوٹی، انسانی ریسرچ، سیل سائنسز، اور مائیکرو گریوٹی میں مصنوعی بارش کے لیے تحقیق کے تجربات شامل ہیں۔

سعودی اسپیس اتھارٹی کے مطابق علی اور ریانہ نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے سفر کے دوران سائنسی تجربات کرنے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام مکمل کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

03

بھارت میں حجام نے 13 سالہ لڑکے کے بال چھوٹے کاٹ کردیے جس پر دل برداشتہ ہوکر بچے نے خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں 13 سالہ لڑکا اپنے کزن کے ساتھ بال کٹوانے حجام کی دکان پر پہنچا تاہم حجام نے اس کا پسندیدہ ہیئر سٹائل بنانے کے بجائے بال چھوٹے کردیے۔

بال زیادہ چھوٹے کٹ جانے پر لڑکا مایوس ہوگیا اور اس کا مذاق بھی اُڑایا جانے لگا جس پر دل برداشتہ ہوکر شتروگھن پاٹھک نامی بچے نے رات گئے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

صبح اہل خانہ اس کے کمرے میں گئے تو خون میں لت پت پڑا تھا، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

شتروگھن پاٹھک کے کزن نے پولیس کو بتایا کہ ہیئر سٹائل صحیح نہیں بنا تو حجام نے مزید بال چھوٹے کردیے،اہل خانہ نے بھی شتروگھن پاٹھک کو بہت سمجھایا تھا کہ چھوٹے بال بھی اچھے لگ رہے ہیں لیکن وہ شدید مایوس تھا۔

0/Post a Comment/Comments