انٹرنیشنل نیوز

 


 

01

 لیبیا کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن سے بھری دو کشتیاں الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 2 پاکستانیوں سمیت 57 افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کشتیوں میں سوار افراد یورپ جانے کے خواہشمند تھے جن کا تعلق پاکستان، شام ، تیونس اور مصر سے تھا۔عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ڈوبنے والی ایک کشتی میں کم از کم 80 افراد سوار تھے جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے مزید لاشیں برآمد ہو سکتی ہیں۔انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق رواں سال کے ابتدائی تین ماہ میں 441 تارکین وطن یورپ جانے کی کوشش میں بحیرہ روم عبور کرتے ہوئے ڈوب کر جان گنوا چکے ہیں۔

02

 روس کی جانب سے یوکرین کے ایک میوزیم پر فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی حکام نے بتایا کہ روسی فوج نے کھارکیو کے علاقے میں S-300 فضائی دفاعی میزائل کا استعمال کرتے ہوئے قصبے کے مرکز میں واقع تاریخی میوزیم کو نشانہ بنایا ۔روسی فوج نے زمینی اہداف پر حملہ کرنے کے لیے بار بار S-300 کا استعمال کیا ہے جسے یوکرین کا فضائی دفاع کا نظام روک نہیں سکتا۔یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں تباہ شدہ عمارت اور ریسکیو ورکرز کو نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔زیلنسکی نے میوزیم میں ایک کارکن کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک ہماری تاریخ، ثقافت اور ہمیں مکمل طور پر تباہ کرنے کے لیے سب کچھ کر رہا ہے۔

03

خانہ جنگی کے شکار سوڈان میں آج سے تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جاری خانہ جنگی میں آج سے 3 روز تک کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔سوڈان سے مختلف ممالک کی جانب سے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔سعودی عرب، امریکا، فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک نے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال لیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے ہفتے کو اپنے 91 اور دیگر ممالک کے 66 شہری سوڈان سے نکالے جبکہ امریکا نے اتوار کی شب خرطوم سے 100 کے قریب سفارتی عملے کو نکالا۔دوسری جانب427 پاکستانیوں کو بھی سوڈانی بندرگاہ پر پہنچا دیا گیا ۔

0/Post a Comment/Comments