سپورٹس نیوز

 


 

01

 پاکستان کی فٹبال ٹیم جون میں بھارت جائے گی، قومی ٹیم بنگلور میں اکیس جون سے تین جولائی تک ساؤتھ ایشین فٹبال چیمپئن شپ میں حصہ لے گی۔پاکستان فٹبال نارملائزیشن کمیٹی نے قومی ٹیم کی بھارت میں شیڈول چیمپئن شپ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے،بھارتی ویزوں کو بروقت یقینی بنانے کے لیے عید کے بعد ضروری کارروائی کا آغاز کردیاجائے گا۔قومی ٹیم کے غیر ملکی پرواز کے ذریعے بھارت روانگی کے انتظامات کیے جائیں گے، چیمپئن شپ کی تیاریوں کےلیے فٹبال ٹیم کا کیمپ مئی کے آخری ہفتے میں متوقع ہے، بھارتی ٹیم ساف چیمپئن شپ میں اعزاز کا دفاع کرئے گی۔ذرائع کے مطابق ساف چیمپئن شپ کے لیے پاکستان ٹیم کی بھارت روانگی حکومتی اجازت سےمشروط ہوگی۔

02

پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ، نائلہ نے 8091 میٹر اونچی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا کو سر کر لیا۔نائلہ کیانی دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں ، وہ پیر کی صبح نیپال میں واقع ماؤنٹ انا پورنا کے ٹاپ پر پہنچیں، انہوں نے پاکستانی کوہ پیماشہروز کاشف کے ساتھ ہی انا پورنا کو سمٹ کیا۔نائلہ کیانی اس سیزن میں ماؤنٹ ایورسٹ اور لوٹسے بھی سر کریں گی۔اس سے قبل نائلہ نے دنیا کے 13ویں بلند ترین پہاڑ گاشر برم ٹو کو فتح کرکے پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ، وہ پہلی  کوہ پیما بھی ہیں جنھوں نے اپنی پہلی مہم میں ہی آٹھ ہزار میٹر کی چوٹی فتح کی تھی ۔اس 6 رکنی ٹیم میں دو پاکستانی کوہ پیماؤں کے ساتھ بھارت کے ارجن واجپائی بھی شامل تھے۔

03

قومی کرکٹ ٹیم میں "چاچا" کے نام سے پہچانے جانے والے افتخار احمد نے ساتھی کھلاڑیوں سے کیا وعدہ پورا کر دیا۔چند روز قبل کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ڈریسنگ روم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد سے عیدی دینے کا مطالبہ کرتے دیکھا گیا جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی بابراعظم کا ساتھ دیتے ہوئے عیدی کا تقاضا کیا تھا۔افتخار احمد کی جانب سے سوشل میڈیا صارفین سے مشورہ مانگا گیا تھا کہ کیا میرا ان لوگوں کو عیدی دینا بنتا ہے، اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک اور دلچسپ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں افتخار احمد کو پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو عیدی دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افتخار احمد نے ہاتھ میں کافی سارے انویلپ تھام رکھے ہیں اور وہ ڈریسنگ روم میں آتے ہی کہتے ہیں جسے عیدی چاہیے وہ آ جائے اور پھر وہ باری باری تمام کھلاڑیوں میں عیدی تقسیم کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

0/Post a Comment/Comments