بزنس نیوز

 


 

01

 ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

فیصل آباد میں ایک کلو چینی 40 روپے کے اضافے کے بعد 130 سے 135 کی ہوگئی ہے۔

حیدر آباد میں چینی کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے، کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی 120روپے جبکہ ریٹیل میں 130 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

ادھر پشاور میں بھی دو ہفتے کے دوران ایک کلو چینی 35 روپے کے اضافے کے بعد 125 روپے کی ہوگئی ہے، گڑ کی قیمت 20 روپے کلو اضافہ کے ساتھ 150 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

کوئٹہ میں بھی ایک کلو چینی 125 روپے اور نواحی علاقوں میں 130 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب پشاور میں عام کوالٹی کا گھی 450 سے 490 روپے کلو میں دستیاب ہے، مرغی کی قیمت دو ہفتے کے دوران 65 روپے کلو اضافہ کے ساتھ 380 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

02

 وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کی جانب سے کنٹینر کلیئر کرانے کیلئے گورنر سٹیٹ بینک کو خط ارسال کر دیا گیا۔

بندرگاہوں پر صنعتی خام مال ودیگر اشیاء پر مشتمل طویل عرصے سے رکے کنٹینرز کی کلیئرنس کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے، وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کی جانب سے اس مسئلے کے حل کیلئے گورنر سٹیٹ بینک کو خط ارسال کر دیا گیا ہے جس میں درآمد شدہ خام مال کی کلیئرنس کے مسئلے پر ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے تاریخ میں کبھی بھی اس سے قبل ایسے معاشی حالات پیدا نہیں ہوئے۔

نائب صدر ایف پی سی سی آئی شبیر منشاء نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کو تجارت و صنعت کے مختلف شعبوں سے شدید دباؤ کا سامنا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، مختلف اوقات میں سٹیٹ بینک کو درآمدی مال کی عدم دستیابی کی آگاہی کے باوجود کچھ نہیں کیا گیا۔

خط میں کہا گیا ہے ایکسچینج کمپنیز کو ڈالر خرید کر امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے، امپورٹرز ایکسچینج کمپنیز سے ڈالر خرید کر اپنا درآمدی مال کلیئر کراسکیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

03

 ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ بھی اپنے اختتام کو آگیا تاہم مہنگائی کے جن پر قابو نہ پایا جا سکا، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پھل اور سبزیاں خریداروں کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔

اسلام آباد میں ٹماٹر 80 روپے، لہسن 400 روپے اور ادرک کے نرخ 720 روپے فی کلو پر پہنچ گئے، گوبھی 80 روپے، مٹر 160 اور فراشبین کی پھلیاں 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہیں، مارکیٹ میں سیب 400 روپے فی کلو اور کیلے 390 روپے درجن میں مل رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

0/Post a Comment/Comments